کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی۔
وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں بنائی گئی ٹاسک فورس میری نگرانی میں کام کرے گی جس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت، کمشنر کراچی اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔ ٹاسک فورس کا روزانہ شام 7 بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہو گا۔
ایران سے پاکستان آنے والے زائرین سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایران سے واپس آئے 1500 افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے
اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں محدود رہیں انہیں گھروں میں ہی مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران سے آنے والے 1500 افراد میں سے کسی میں بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہ ہوئیں تو بھی انہیں 15 دن کے آبزرویشن میں رکھا جائے گا۔ کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔