اسلام آباد: کورونا وائرس کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اجلاس اسپیکراسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا جس میں وزیر مملکت علی محمد خان نے اجلاس ملتوی کرنے کے لیے تحریک پیش کی تھی۔
علی محمد خان نے اپنی قرار داد کے حق میں کہا کہ کرونا وائرس کا معاملہ بہت سنجیدہ ہے تمام اپوزیشن جماعتوں سے بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے متعلق وزیراعظم عمران خان سے بھی بات کر چکا ہوں۔ حکومت کسی قسم کی افراتفری نہیں پھیلانا چاہتی اور ہم چاہتے ہیں کہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔
اجلاس ملتوی ہونے سے قبل پارلیمانی سیکرٹری برائے ہوابازی کیپٹن ریٹائرڈ جمیل نے ایوان کو آگاہ کیا کہ سعودی عرب سے لوگوں کو لانے اور لے جانے کے لئے خصوصی پروازیں شروع کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے شہریوں کے متعلق حکومت کو احساس ہے اور سعودی عرب سے جو پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں ان کو لایا جائے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس انسان کا بنایا ہوا بحران ہے اور ڈبلیو ایچ او اس کو عالمی سطح کا خطرہ قرار دے چکا ہے۔