چین سے شروع ہونے والا کوروناوائرس پاکستان سمیت دنیا کے 162 ممالک میں پھیل چکا ہے جس کے سبب سات ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ اسی ہزار سے زائد متاثر ہیں۔
فیس بک ٹوئٹر اور سماجی رابطوں کی دیگر ویب سائٹس پر کورونا وائرس کے متعلق جھوٹی خبروں کا بازار بھی گرم ہے جو عوام میں اضطراب اور بے چینی کا سبب بن رہا ہے۔
بعض عناصر سوشل میڈیا پر لاک ڈاؤن کی افواہیں پھیلا کر راشن جمع کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سنسنی اور خوف نہ پھیلایا جائے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور مصدقہ اطلاعات کیلئے سرکاری اعدادوشمار پر بھروسہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اب تک اُٹھائے گئے اقدامات صرف احتیاطی تدابیر کے طور پر ہیں اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں، عوام اطمینان رکھیں ان کی حکومت مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اب تک جتنے بھی فیصلے ہوئے ہیں ان کا الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا پر اعلان کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے بتایا کہ کورونا وائرس کے متعلق جھوٹی خبروں پر قابو پانے کے لیے حکومت، وزارت صحت اور ڈیجٹل ٹیم مل کر کام کر رہی ہے۔
تانیہ ایدروس نے بتایا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر مشترکہ خدشات کو دور کرنے اور وائرس سے متعلق معلومات دینے کے لیے ایک ‘چیٹ بوٹ’ بھی متعارف کروادیا ہے جو وائرس کے متعلق گائیڈ لائنز دیتا ہے۔
معاون خصوصی نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا وائرس کے متعلق مصدقہ اطلاعات معاون خصوصی صحت ظفر مرزا کے فیس بک پیج سے حاصل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ قومی ادارہ برایےجھوٹی خبروں کورونا وائرس سے متعلق بہت سرگرم ہے اور ڈیجیٹل ٹیم بھی اس کی مدد کر رہی ہے۔
تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق فیس بک انتظامیہ سے بھی رابطے میں ہیں اور حکومت نے کم پڑھے لکھے لوگوں کیلئے ویڈیو پیغام متعارف کرائی ہے۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ چیٹ بوٹ فیس بک میسنجر سے منسلک ہے اور لوگوں کو چاہیے کہ کورونا وائرس سے متعلق تمام ترمعلومات چیٹ بوٹ کے ذریعے حاصل کریں۔ ہیلپ لائن، چیٹ پوٹ اور ویڈیوز سے ہم لوگوں کو آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔