وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر کا اعلان ہماری نسلوں کے لیے تاریخ ساز خبر ہے،
یہ ہماری نسلوں کے لیے بہت حوصلہ افزا بات ہے۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ڈیم سے 16 ہزار ملازمتیں، 4500 میگاواٹ بجلی میسر آئے گی، ڈیم کی تعمیر سے لاکھوں ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ڈیموں کی تعمیر سے متعلق اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی تھی بھاشا ڈیم سے متعلق امور کو حل کرلیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ ڈیم کی تعمیر سے ساڑھے 16 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی، ساڑھے 4 ہزار میگا واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی، وزیراعظم نے ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیاں فوری شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔