اسلام آباد: پاکستانن مسلم لیگ نواز کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی کے متعدد رہنماؤں سے رابطہ کر کےاہم آن لائن اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو احتجاجی تحریک سے متعلق اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں گرفتار کیا۔
نیب کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لیا اور انہیں لے کر نیب لاہور آفس پہنچ گئی۔
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ اڑھائی سو سال لگ جائیں گے مگر میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں کی جا سکے گی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔
قبل ازیں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ گزشتہ سماعت پر شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کی گئی تھی۔
نیب لاہور کی جانب سے شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی گئی۔ نیب کے مطابق شہباز شریف نے متعدد بے نامی اکاونٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔