اسلام آباد شہرِ اقتدار کی پولیس کے اہلکاروں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق جب کہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔
دونوں اہلکاروں کے درمیان جھگڑا سیکٹر جی سکس میں آبپارہ کی حدود میں فلیٹ پر ہوا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے سیکٹر جی سکس میں پیش آنے والے فائرنگ کے اس اندوہناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دونوں اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ فلیٹ کے جھگڑے پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جب کہ ملزم فرار ہو گیا ہے۔ لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ دونوں افراد اسلام آباد پولیس کے ملازمین تھے، دونوں افراد کے درمیان پہلے بھی جھگڑا ہوا تھا جس پر انہیں معطل کیا گیا تھا۔