کراچی: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 2020 کا فائنل میچ جیت لیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 135 رنز کا ہدف بابراعظم کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 18 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم نے 63 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شرجیل خان نے 13،ایلکس ہیلز نے 11 ، چیڈوک والٹن نے 22 اور افتخار احمد نے 4 رنز بنائے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کے لیے ٹیم کو 68 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ تمیم اقبال 35 رنز بنا کر عمید آصف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
تمیم اقبال کی وکٹ گرنے کے بعد قلندرز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا اور یکے بعد دیگرے 7 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان سپر لیگ 5 میں کراچی کنگز کے بلے باز بابر اعظم نے 59 کی اوسط سے سب سے زیادہ 473 رنز بنائے ہیں جب کہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی کے پاس ہے جنہوں نے 12 میچوں میں 19 کی اوسط سے 17 وکٹیں لیں۔
بابراعظم کو بہترین بیٹسمین اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، شاہین شاہ آفریدی بہترین بولر قرار پائے جبکہ فخر زمان کو بہترین فیلڈر کا اعزاز ملا۔
پشاور زلمی کے نوجوان بلے باز حیدر علی کو ایمرجنگ پیلئر آف دی ائیر کا ایوارڈ دیا گیا۔