سکھر روانگی سے قبل جاتی عمرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی اور ملک کیلیے جان دی، میاں نواز شریف اور بی بی شہید نے ملک کے لیے میثاق جموریت کیا، میں اور بلاول میثاق جمہوریت لے کر آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کے لیے ہم سب پارٹیاں اکھٹی ہیں، مولانا فضل الرحمان اور دیگر پارٹیاں کلیئر ہیں کہ جعلی حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، حکومت کو این آر اونہیں دیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، ان کی پرفارمنس بھی خراب ہے، یہ جتنی کوشش کر لیں ناکام ہوں گے اور حکومت کو گھر جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اجلاس میں بات ہوتی ہے کہ فلاں لیڈر پی ڈی ایم کے جلسے میں نہیں آیا لہذا دراڑ پڑ گئی، بلاول مردان میں نہیں آئے تو کہا جاتا ہے پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی، مجھے ان لوگوں کی حالت پر ترس آتا ہے۔