وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں صوبائی وزیر اسد کھوکر کا بھائی قتل ہو گیا۔
یہ واقعہ لاہور میں ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب بھی موجود تھے جو محفوظ رہے۔
ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب تقریب میں موجود تھے۔ میں وہاں پہنچی تو ایک جیپ تیزی سے نکلی اور میں بھی واپس نکل گئی تھی۔
مسرت چیمہ نے بتایا کہ تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شخصیات محفوظ ہیں۔
شہبازگل نے ٹویٹ کیا کہ وزیراعلی پنجاب خیریت سے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بلکل قریب آ کر فائرنگ کی۔
وزیراعلیٰ کی سیکورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ بدقسمتی سے اسد کھوکھرصاحب کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریب میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
عثمان بزدار نے تحقیقات کا حکم دیا سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بھی جامع انکوائری کرنے کا کہا ہے۔
آئی جی پنجاب نے بھی اسد کھوکھر کے بیٹے کی ولیمہ تقریب میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ آئی جی نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔