ملک میں گزشتہ کئی روز سے کورونا کیسز کی شرح 6 سے 8 فیصد کے درمیان دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح 6.2 ریکارڈ کی گئی۔
کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 51 ہزار 982 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 3 ہزار 239 نئے کیسز سامنے آئے۔
ملک میں وبا سے مزید 70 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24 ہزار 783 ہوگئی۔
اسی طرح اس عرصے میں 3 ہزار 27 افراد صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد وائرس سے شفا پانے والوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 2 ہزار 430 ہوگئی ہے۔