پنجاب میں رواں برس کے دوران اب تک 5700 سے زائد افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے 4 ہزار سے زائد افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔
پنجاب سمیت لاہور میں ڈینگی کی صورتحال بے قابو ہوتی جارہی ہے جبکہ ڈینگی کے وائرس سے صوبے بھر میں اب تک 23 اموات ہو چکی ہیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 508 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جن میں سے 373 مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے۔
لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 831 مریض داخل ہیں جب کہ لاہور کے علاوہ صوبے کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 659 مریض زیر علاج ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں جہاں کورونا کے پیش نظر دباؤ کا سامنا ہے وہاں ڈینگی کے مریضوں کا بھی شدید دباؤ ہے، ایک ایک بیڈز پر 3،3 مریض لیٹے ہوئے ہیں اور مزید بیڈ بھی شامل کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گز شتہ 2 سالوں میں ڈینگی کی صورتحال رواں سال کے برعکس رہی ،2019 میں پنجاب میں 8 ہزار 674 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، 2020 میں صرف 247 کیسز سامنے آئے جب کہ ان 2 سالوں میں کوئی اموات نہیں ہوئی تھی۔
خیبر پختون خوا میں ڈینگی پنجے گاڑنے لگا ہے۔ صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد ڈیڑھ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 1493ہوگئی ہے ۔ پشاور سمیت مختلف اضلاع سے ڈینگی وائرس کے 229 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کی مطابق صوبے میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 3796ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی متاثرہ 106افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ڈینگی سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعدا 2299ہوگئی ہے ۔
خیبر پختونخوا میں اب تک موذی مرض چار افراد کی جان لے گیا ہے۔