پشاور ، لاہور ، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ کے مطابق صوابی سے تعلق رکھنے والا ڈینگی سے متاثرہ ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد6 ہوگئی ہے۔
پشاور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران55 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، پشاور میں مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد1643 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید 107 افراد بیمار ہوگئے ، دیہی علاقے زیادہ متاثر نظر آرہے ہیں ، راولپنڈی میں بھی مزید 64 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پانچ سو مقامات سیل بھی کردیےگئے۔
پنجاب بھر میں ڈینگی کے مزید412 نئےمریض رپورٹ کیے گئے ہیں، صرف لاہور میں 332 افراد ڈینگی مچھر کا نشانہ بن گئے۔
کراچی میں بھی ڈینگی مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،جناح اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ مزید 6 مریض داخل کیے گئے ہیں۔