دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم نےایک مرتبہ پھر آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے یہ بات سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہی ہے۔
رمیز راجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ورلڈکپ کے 5 میں سے 5 مقابلے جیتنا شاندار کوشش ہے۔ انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ فائنل اسپرٹ کے لیے اسی طرح آگے بڑھیں۔ بیان کے اختتام پر انہوں نے پاکستان زندہ باد لکھا ہے۔
پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں اتوار کے دن اسکاٹ لینڈ کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرکے گروپ2 میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں پہلے ہی پہنچ چکی تھی لیکن اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد سپر 12 مرحلے میں اپنے تمام میچز جیت کر گروپ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا بھی اعزاز حاصل کرچکی ہے۔
ورلڈ کپ کے شیڈول کے حساب سے پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو شام 7 بجے ابوظہبی میں ہوگا جب کہ دوسرا میچ 11 نومبر کو شام 7 بجے دبئی میں کھیلا جائے گا۔