کراچی میں اگست کے دوران بھی معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگست میں بھی معمول سے زائد بارشیں ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں 12 سے 14 اگست کے دوران تیز بارشیں ہو سکتی ہیں۔
جواد میمن کا کہنا ہے کہ اگست میں 3 سے 4 مضبوط مون سون سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے کراچی میں جولائی کے دوران اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
ان اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش مسرور بیس پر 585 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے، مسرور بیس پر بارش کا 55 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مسرور بیس پر 1967 میں 509 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔