پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس پر دیے گئے فیصلے پر ردِ عمل دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ خان پاکستان کا پہلا اور واحد سیاستدان ہے جو ایک ہی فیصلے میں ناقابلِ تردید ثبوتوں کے ساتھ بیک وقت جھوٹا، کرپٹ، منی لانڈرر اور بیرونی قوتوں کے ایماء پر کام کرنے والا ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ اس کا اپنا ہی بنایا ہوا جھوٹا ایمانداری اور حب الوطنی کا بت آج اوندھے منہ گر گیا، بیشک اللّٰہ حق ہے
مریم نواز نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ قوم کو غلامی سے نجات کا بھاشن دینے والا خود بیرونی طاقتوں کا غلام ثابت ہوا، ان سے پیسہ لیتا رہا اور اس پیسے کو ملک میں فتنہ فساد اور بربادی کے لیے خرچ کرتا رہا۔
اس فارن ایجنٹ کو پاکستان کی ترقی کو روکنے،CPEC کے خاتمے کےلیے لانچ کیا گیا تھا، سرشرم سے جھک گیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج 8 سال بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سنایا ہے۔
عمران خان کی جانب سے پولیٹکل پارٹیز آرڈر کے تحت پارٹی فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن میں اپنے دستخطوں سے بیانِ حلفی جمع کرایا گیا تھا جسے الیکشن کمیشن نے جھوٹا قرار دے دیا ہے۔