موبائل فون ایپ کے ذریعے پاکستان ریلوے کی تمام ٹرینوں کی آمد و روانگی اور اوقات کار کے بارے میں مکمل معلومات شہری جلد حاصل کر سکیں گے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سکھر کے آئی ٹی انجینئر مدثر زیدی کے ذریعے یہ منصوبہ مکمل کیا، جو چند دنوں میں ایک تقریب میں متعارف کرایا جائے گا۔
پاک ریلو کے نام سے اس موبائل ایپ کے لیے گوگل میپ سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں سے اشتراک کیا گیا ہے۔ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیے گئے اس منصوبے کے لیے 7 کروڑ روپے مالیت کے 350 ٹریکرز چین سے منگوائے گئے ہیں جو ریلوے کے 325 انجنوں میں نصب کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف ریلوے افسران کو کراچی میں تربیتی کورس بھی کرا یا گیا ہے۔ ایپ کو کسی بھی اینڈ رائیڈ یا آئی فون میں مفت انسٹال کرنے کے بعد کسی بھی ٹرین کو ٹریک کیا جا سکے گا۔
موبائل ایپ نہ صرف آپشن میں مطلوبہ ٹرین کا اندراج کر نے سے مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے ہی ٹرین کے اسٹیشن پہنچنے کی اطلاع فراہم کرے گی بلکہ کسی وجہ سے ٹرین کے تاخیر کا شکار ہونے کی اطلاع بھی دے گی۔ مدثر زیدی کے مطابق ایپ تیار ہے، جب کہ بیشتر ریلوے انجنوں میں ٹریکر کی تنصیب کا مرحلہ باقی ہے، جس کے بعد ایک تقریب میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اس کا افتتاح کریں گے۔