مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی فوج، سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشن گروپ نے ترال کے علاقے آرام پورہ میں مشترکہ آپریشن کیا اور اس دوران بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لے کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
قابض فوج نے فائرنگ کرکے 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج اور مظاہرہ روکنے کے لیے وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل کردی۔
علاوہ ازیں ایک دوسرے افسوس ناک واقعے میں مٹی کے تودے گرنے سے 7 کشمیری محنت کش جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ بھارتی ریاست اتر اکھنڈ میں پیش آیا اور جاں بحق کشمیری مزدوروں کا تعلق ضلع بارہمولا کے علاقے اڑی سے تھا۔ کشمیری مزدور سڑک کی تعمیر کا کام کررہے تھے کہ اس دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی۔
دوسری جانب ضلع کپواڑہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 بھارتی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ ہلاک بھارتی فوجیوں میں صوبیدار جمار بہادر تھاپا اور صوبیدار رامن تھاپا شامل ہیں۔