وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف دم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کی اوقات یہ ہے کہ سب سے بڑے چور کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنا دیا گیا ہے۔
پشاور میں شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے 24 دسمبر انتہائی اہم ہے۔ ہمارے ملک میں صرف غریب عوام کو سزا ملتی ہے سیاستدان تو اسپتال چلے جاتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے معزز ہو گئے ہیں اور جس کی چھت ٹپکتی ہے وہ چور ہے۔ ریمانڈ کے دوران پروڈکشن آرڈر کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔
وزیر ریلوے نے ٹرینوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال 2019 میں مزید 20 ٹرینیں چلائی جائیں گی کیونکہ ریل چلے گی تو پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی جب کہ کراچی سے پشاور باڑ لگا کر کراسنگ کو ہی ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں ریلوے ٹریک کا ڈھانچہ تبدیل کرنے لگے ہیں اب تمام ٹرینوں کو خود مانیٹر کروں گا جب کہ اگلے سال مارچ سے قبل ہی پشاور سے کراچی نئے ٹریک کے لیے معاہدہ کر لیں گے۔
شیخ رشید نے سیاحوں کے لیے مزید تین نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریل چلے گی تو پاکستان کی معیشت مضبوط ہو گی۔