پاکستان ریلوے نے بزرگ شہریوں کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے، 75 سال اور اس سے زائد عمر کے مسافروں کے لئے مخصوص ٹرینوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کر دی ہے۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری نوٹفکیشن کے مطابق 75 سال اور اس سے زائد کے مسافرمخصوص ٹرینوں میں مفت سفر کرسکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس سہولت کے لئے جن ٹرینوں کو مختص کیا گیا ہے ان میں گرین لائن ٹرین، قراقرم ایکسپریس،راول ایکسپریس،کراچی ایکسپریس،اسلام آبادایکسپریس شامل ہیں۔75سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ریزرویشن اور ٹکٹ کے حصول کے لئے اوریجنل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔
اس سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید 65 سال بزرگ شہریوں کے لئے عیدین کے پرمسرت موقعوں پر ریلوے کا مفت سفر کی سہولت دے چکے ہیں،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے منصب سنبھالنے کے بعد سے ادارے کی ترقی کے لئے کاوشیں شروع کر رکھی ہیں ،گزشتہ ماہ انہوں نے آٹھ نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔
اعلان کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں پہلی ٹرین لاہور سے فیصل آباد تک چلنی تھی جبکہ دوسری ٹرین موئن جو داڑو ایکسپریس لاڑکانہ سے سیہون شریف اور جامشورو تک چلائی جانی تھی۔تیسری ٹرین روہی ایکسپریس پنوں عاقل، گھوٹکی، ڈھرکی، صادق آباد، رحیم یار خان اور خان پور تک جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے چلائے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔