آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ مالیاتی یقین دہانیوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اگلا قدم اٹھا سکیں گے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام میں بات چیت جاری ہے، پاکستان نے فیصلہ کن اقدامات پرعمل درآمد شروع کردیا ہے۔
آئی ایم ایف حکام نے کہا کہ فیصلہ کن اقدامات پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہیں، بیرونی شراکت داروں کی بروقت مالی امداد جائزے کی کامیابی یقینی بنانے میں اہم ہوگی۔
آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دیگر مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے بھی مالی تعاون یقینی بنانا ہے، ان مالیاتی یقین دہانیوں کے بعد پاکستان کے ساتھ اگلا قدم اٹھا سکیں گے۔
حکام نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کو سست شرحِ نمو اور بلند افراطِ زر جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو بڑی مالیاتی ضروریات جیسے چیلنجز کا سامنا بھی ہے، سب چیلنجز پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے سامنے آئے ہیں۔