وفاقی حکومت نے جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات پر مبنی جے آئی ٹی رپورٹ میں شامل آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت 172 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 13 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات پر مبنی جے آئی ٹی رپورٹ میں شامل آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت 172 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔
جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض، ان کے بیٹے زین ملک، اومنی گروپ کے انور مجید، سندھ حکومت کی اعلیٰ شخصیات، آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کے نام بھی آئے ہیں۔