وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے متنازع انتخابات خدانخواستہ ملک کو انارکی اور افرا تفری کی جانب دھکیلیں گے۔
راولپنڈی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا ملک میں متنازع طریقے سے الیکشن کرانےکی کوشش کی جا رہی ہے، ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں ہیں، ہم ہمیشہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے، الیکشن لڑے اور ووٹ کی طاقت سے منتخب ہو کر آئے۔
ان کا کہنا تھا الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے ججز میں بھی اتفاق نہیں، اس قسم کا الیکشن ملک کو انارکی اور افرا تفری کی طرف دھکیلے گا، ایسے انتخابات خدانخواستہ ملک کی تباہی کا باعث بنیں گے، ہم اس تباہی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔
راناثنااللہ نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، الیکشن ضرور ہوں لیکن وقت پر ہونا چاہئیں، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہونا چاہیئے، اتحادی حکومت کو ضد اور ہٹ دھرمی قبول نہیں، عمران خان کی ضد نے ملک کو نقصان پہنچایا۔