سینیٹ میں تمام انتخابات بیک وقت کرانے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملک میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے تمام انتخابات بیک وقت کرانے کی قرارداد پیش کی گئی، قراردادسینیٹر طاہر بزنجو نے پیش کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز کرائے جائیں، معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، تمام انتخابات بیک وقت ہونے ضروری ہیں۔
سینیٹر وسیم شہزاد نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ان کو چور راستے سے الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ یہ روز آئین کو توڑتے ہیں۔
سینیٹر شہزاد وسیم نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انتخابات 14 مئی کو ہی ہوں گے
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرنے کے لیے قرارداد منظور کی گئی تھی۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا جائے۔ ایوان ایک ہی وقت میں عام انتخابات کو مسائل کا حل سمجھتی ہے۔
قومی اسمبلی میں منظور ہونے والی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عدالت عظمیٰ فل کورٹ 63 اے کی تشریح سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کرے۔