سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 8 رکنی لارجر بینچ دن ساڑھے 12 بجے اہم مقدمے کی سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اظہر حسن اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔
سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پاکستان بار کونسل کے علاوہ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت 9 سیاسی جماعتوں کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔
سپریم کورٹ کے لاجر بینچ نے 13 اپریل کو مجوزہ قانون پر عملدرآمد روک دیا تھا۔
درخواست گزاروں کے وکلاء آج عدالتی اصلاحات قانون پر دلائل دیں گے۔
خیال رہے کہ پارلیمان نے چیف جسٹس آف پاکستان کے ازخود نوٹس لینے اور بینچوں کی تشکیل کے اختیارات کو محدود کرنے سے متعلق بل منظور کر کے اسے قانون بنایا تھا تاہم سپریم کورٹ اس قانون کے خلاف عبوری حکم کے تحت اس پر عمل درآمد سے روک چکی ہے۔۔