سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر کے حکومتی کے بد دیانت منصوبے میں نہیں پھنسےگی اور اگر سپریم کورٹ کے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانے کے حکم کی خلاف ورزی کی گئی تو پارٹی سڑکوں پر نکلے گی۔
عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے نکالی گئی ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر حکومت 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرتی ہے تو ہم ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کے لیے صرف اس لیے تیار ہیں کیونکہ چیف جسٹس ہمیں کہہ رہے ہیں۔
سابق ویراعظم نے کہا کہ لیکن اگر یہ بہانے کر رہے ہیں کہ بجٹ دینے کے بعد الیکشن ہوگا، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے اس بد دیانت منصوبے میں آجائیں گے، پھنس جائیں گے اور انتظار کریں گے کہ ستمبر میں الیکشن ہوگا تو یہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر 14 مئی سے قبل اسمبلیاں تحلیل نہیں کی گئیں تو ہم سپریم کورٹ سے کہیں گے کہ ہمیں پنجاب اور خیبر پختونخوا کا الیکشن چاہیے، کیونکہ آئین کہتا ہے کہ 90 روز میں الیکشن ہوں، یہ ہمارا آئینی حق ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر یہ اس پر متفق نہیں ہوئے، اگر انہوں نے الیکشن میں شکست کے خوف سے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا، سپریم کورٹ اور اس کے ججوں کے خلاف گئے، آئین توڑا تو اس کے بعد تحریک انصاف سڑکوں پر نکلے گی، پی ٹی آئی سپریم کورٹ، چیف جسٹس اور ججوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔