استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت کے پلیٹ فارم سے ملکی مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے ساتھ ملک کو مستحکم اور مسائل کو حل کرنا ہے جو ہمارا مقصد اور اولین ترجیح ہے، ہمیں عوام کیلیے امید اور روشنی کی کرن پیدا کرنی ہے، ہماری جماعت نفرتوں کا خاتمہ کرنے آئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کا لائحہ عمل بنایا جائے گا، استحکام پارٹی ملک میں شدت پسندی کو ختم کرنے کیلیے کام کرے گی، معاشی اور سیاسی محاذ پر جاری عدم استحکام کے خاتمے کیلیے کام کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم لوگ مسائل کو لے کر تنقید تو کرتے ہیں مگر حل نہیں بتاتے، استحکام پارٹی چند دنوں میں باضابطہ اپنا منشور دے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تو پہلے ہی 13 جماعتیں موجود ہیں، ایک نئی جماعت کو حکومت کی اتحادی بننی کی ضرورت نہیں ہے، استحکام پارٹی عوام کی ترجمانی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی پریس کانفرنس میں 100 سے زائد ٹکٹ ہولڈرز موجود تھے اور ان ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ کارکنان بھی ہیں، آئندہ ہفتے ہماری پارٹی میں کھڑکی توڑ انٹریاں نظر آئیں گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنہوں نے 160 کی اسپیڈ پر گاڑی چلائی وہ سیاسی وینٹی لیٹر پر چلے گئے، سیاست میں ہر بال پر چھکا نہیں مارا جاتا بلکہ ہم بال ٹو بال کھیلیں گے، جنہوں نے ’کلاں ہی کافی آں‘ کا نعرہ لگایا ان کا حال سب نے دیکھ لیا۔