صوبائی دارالحکومت لاہور میں 350 سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے کے سبب متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ فتح گڑھ، جلو، غازی آباد، کوٹ لکھپت، فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ڈی ایچ اے، ارنس روڈ اور میسن روڈ کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے سبب بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی، گڈو، بھکی اور بلوکی پاور پلانٹ کی پیدوار میں کمی آئی ہے جس کے سبب بریک ڈاؤن ہوا۔ حکام کے مطابق آر ایل این جی کی فراہمی اور نہریں بند ہونے کے سبب بھی پیداواری نظام متاثر ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لیسکو کا ترسیلی نظام ٹھیک ہے تاہم کمپنی کو طلب پوری کرنے کیلئے23 سو میگا واٹ بجلی درکار ہے لیکن رسد 13 سو میگاواٹ ہونے کے سبب لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔
پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ بلوکی ،نشاد اور چونیاں میں دھند کے باعث پاور پلانٹ بند ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے تین ہزار میگاواٹ تک شارٹ فال پیدا ہو گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ کی مرمت کے لیے امدادی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور جلد ہی بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹ بند ہونے سے 3 ہزار میگاواٹ کے قریب بجلی سسٹم سے نکل گئی اور لیسکو میپکو فیسکو سمیت دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔