چین سے نئے چارجنگ سسٹم کی درآمد کے بعد کراچی میں دو روٹس پر آج سے الیکٹرک بسوں کے آپریشن بحال ہورہے ہیں، اپریل 2023 میں آغاز کے چند ہفتوں بعد ان بسوں کے چارجنگ سسٹم میں خرابی پیدا شروع ہو گئی تھی۔
مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کو آگاہ کیا کہ نئے چارجنگ سسٹم کی آمد کے بعد 15 الیکٹرک بسوں کے آپریشن بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
صورتحال سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ دو روٹس پر الیکٹرک بسوں کی سروسز کو تقریباً 2 ماہ قبل روک دیا گیا تھا کیونکہ بیٹری چارجر میں خرابی شروع ہو گئی تھی۔
سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ الیکٹرک بسوں کے چارجر آ گئے ہیں، اب یہ بسیں کل سے دوبارہ چلنا شروع ہو جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، اور اس حوالے سے مزید بسیں کل کراچی پہنچ جائیں گی، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر حکومت سندھ شہر میں سفری سہولیات میں بہتری کے لیے بسوں کی تعداد بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے، اس کے تحت نئی بسیں بہت جلد پرانی بسوں کو تبدیل کر دیں گی۔