الیکشن کمیشن نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے الگ الگ مشاورت کرے گا جس میں سیاسی جماعتوں کو انتخابات سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔
عام انتخابات منظور شدہ مردم شماری کے مطابق ہونے والی نئی حلقہ بندیوں پر کرائے جانے کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن باضابطہ طور پر نئی حلقہ بندیوں کا آغاز کرے گا جب کہ حتمی حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
پہلے مرحلے کے تحت آج سے حلقہ بندیوں کی کمیٹیاں تشکیل ہوں گی اور جو وفاقی دارالحکومت سمیت تمام صوبوں میں قائم کی جائیں گی۔ یہ کمیٹیاں صوبائی حکومتوں سے ضلعی نقشہ جات، آبادی سمیت ضروری ڈیٹا حاصل کریں گی۔
دوسرے مرحلے میں کمیٹیاں 31 اگست تک ضلعی سطح پر مردم شماری رپورٹ سمیت دیگر معلومات جمع کریں گی۔
تیسرے مرحلے میں حلقہ بندیوں کی کمیٹیوں کی 4 روزہ ٹریننگ کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے آبادی کے کوٹے کا تعین کرکے کمیٹیوں کو آگاہ کیا جائے گا۔
8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک ابتدائی حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی جس کے بعد 9 اکتوبر کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی تفیصلات شائع کی جائیں گی۔
ان پر اعتراضات یا تجاویز 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی اور الیکشن کمیشن 10 اکتوبر سے 9 دسمبر تک ان اعتراضات پر سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 14 دسمبر کو حلقہ بندیاں حتمی طور پر مکمل ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ عام انتخابات مقررہ آئینی مدت 90 روز کے دوران نہیں ہو سکتے۔