ہمبنٹوٹا: پاکستان نے افغانستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 142 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی، حارث رؤف کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19.2 اوورز میں 59 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
افغانستان کے 9 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، رحمان اللہ گرباز 18، عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بناسکے۔
حارث رؤف نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ اور شاداب خان ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم 47 اوورز میں 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور افغانستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔
امام الحق 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاداب خان نے 39 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 2 رنز بناسکے، کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مجیب الرحمان کا نشانہ بنے۔
افتخار احمد 30 رنز بناسکے، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 21 اور نسیم شاہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آغا سلمان کو 7 رنز پر راشد خان نے پویلین کی راہ دکھائی۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، راشد خان اور محمد نبی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے
حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمت اللہ گرباز، ابراہیم زردان، رحمت شاہ، محمد نبی، اکرم علی خیل، عظمت اللہ عمر زئی، عبدالرحمان، راشد خان، مجیب الرحمان اور فضل الحق فاروقی۔
قومی کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سیریز ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم ہے۔ کنڈیشن کے مطابق کھیلیں گے اور کوشش کریں گے کہ اچھا ہدف دے کر افغانستان پر دباؤ بڑھائیں۔
افغان کپتان کا پاکستانی ٹیم کو روایتی لباس کا تحفہ
واضح رہے کہ سیریز سے قبل گزشتہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو روایتی افغان لباس کے تحائف پیش کیے تھے۔