اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ الیکشن کیلیے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم کروانے ہی آئے ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے الیکشن کمیشن آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات کروانے ہیں، الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میں ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی سے ملاقات کیلیے آیا تھا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ممبر کمیشن نثار درانی سے ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی، جب الیکشن کمیشن مناسب سمجھے گا الیکشن ہو جائیں گے، دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہر طرح کی معاونت کریں گے۔
18 اگست کو مرتضیٰ سولنگی نے اپنی ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ عام انتخابات کا انعقاد کروانا ہماری نہیں بلکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن 90 دن یا فروری میں الیکشن کروائے اس میں ہماری کوئی خواہش نہیں، اس کی ویب سائٹ پر حلقہ بندیوں کا پورا شیڈول ہے، وہاں درج ہے کہ کب تک حلقہ بندیاں کریں گے۔
نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب بھی الیکشن ہوئے منتخب نمائندوں کو اقتدار دے کر چلے جائیں گے، ہم دیوالیہ پن میں جاتے جاتے بچے ہیں اور ایسا کچھ نہیں کریں گے کہ ملک جس سے عدم استحکام پیدا ہو۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایک جماعت یا کچھ قانونی ماہرین مردم شماری پر عدالت میں گئے ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن کل انتخابات کا کہے گا تو ہم تیار ہیں، ہماری اس معاملے پر کوئی پالیسی نہیں معاملہ عدالت میں ہے، ہم کسی فریق کا کردار ادا نہیں کریں گے۔