اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے نگراں حکومت سے بجلی بلوں میں ریلیف سے متعلق تحریری پلان مانگ لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پریز سے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں میں ریلیف کے حوالے سے وزارت خزانہ سے تحریری پلان مانگ لیا، وزارت خزانہ آج شام کو ہی پلان بھیج دے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے جولائی اور اگست کے بجلی بلز قسطوں میں ادا کرنے کی اصولی منظوری دی،اس کا حتمی فیصلہ آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد نافذالعمل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے سبب حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی تو نہیں کر سکتی لیکن بل قسطوں میں وصولی کرنے کو تیار ہے۔
یاد رہے کہ بجلی کے بلوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کے باعث ملک بھر میں بل جلا کر مظاہرے کیے جارہے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں فوری طور پر کمی کی جائے۔
حال ہی میں بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کو کےخلاف کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ سڑکوں پراحتجاج کرکے حکومت کو ٹیکس واپس لینے پرمجبور کریں۔