پاکستان پیپلزپارٹی کا 56واں یوم تاسیس کا جلسہ کوئٹہ میں ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو آئندہ عام انتخابات کے لیے بھرپور تیاریوں کی ہدایت کردی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیرِ صدارت پیپلزپارٹی بلوچستان کا اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوا، جس میں سردار عمر گورگیج، اعجاز بلوچ، ڈاکٹر برکت بلوچ، غزالہ گولہ، اقبال شاہ، بسم اللہ خان کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اجلاس میں بلوچستان کی سیاسی و تنظیمی صورتحال اور عام انتخابات پرگفتگو کی گئی جبکہ پیپلزپارٹی بلوچستان کی قیادت نے انتخابی مہم کے حوالے سے تجاویز سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے 30 نومبر کو 56 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ کوئٹہ میں ہوگا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور بلوچستان میں ہم پہلے سے زیادہ نشستیں جیتیں گے، بلوچستان کے مسائل کے حل میں اگر کسی نے عملی اقدامات اٹھائے ہیں تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے، آغاز حقوق بلوچستان سے لے کر اقتصادی راہداری کے اصل منصوبے تک پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے خطے کو اہمیت دی ہے۔