کراچی میں بھی بادل برس پڑے اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم قدرے سرد ہوگیا۔
شہر کے علاقوں گلشن حدید، ایئرپورٹ، نیو ملیر، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا اور عباس ٹاؤن میں صبح بونداباندی سے موسم سہانا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بونداباندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق سے ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال اور لاہور ڈویژن میں بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں بعض مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم اور اٹھمقام میں برف باری جاری ہے۔
مری میں بھی وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے جبکہ دیر بالا مییں 2 فٹ سے زائد برف پڑنے سے لواری ٹنل سےآمد و رفت معطل ہوگئی۔
علاوہ ازیں کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔