ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، اسلام آباد، پشاور اور آزاد کشمیر کے کچھ علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بالآخر بارش کے منتظر افراد کو بوندا باندی کی نوید سنادی گئی۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں تیز ہوائیں اور بوندا باندی متوقع ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی کا امکان ہے۔
دوسری طرف خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے علاقوں میں دھند کا راج برقرار رہے گا۔
پنجاب کی بات کی جائے تو نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غا زی خان میں بھی دھند رہے گی۔