پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم عوامی مفاد کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ دیگر سیاسی جماعتیں جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
پاک الرٹز نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کے پی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غربت کا مقابلہ اور کمزور طبقے کی نمائندگی کی ہے۔ معاشی، سیاسی، جمہوری اور انسانی حقوق کے بحران کا حل پی پی منشور اور ملک کے تمام مسائل کا حل قائد عوام کے نظریے میں موجود ہے۔
کوئی کھلاڑی یا سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اشرافیہ کی نہیں بلکہ عوام کی نمائندگی کرتی ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں گے اور ہم 8 فروری کو پرانی اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔
پی پی کی سیاست عوامی مفاد کے لیے ہے۔ ہم عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے الیکشن میں جا رہے ہیں۔ ہم عوام کو گھر گھر عوام کو مفت صحت سہولتیں فراہم کرنے، بینظیر کارڈ ملک بھر میں متعارف کرانے، مزدوروں کسانوں کو حق دلانے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ دیگر سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا ذاتی مفاد ہے، کوئی الیکشن اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور کوئی اس لیے جیل سے بچ جائے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں آج بھی بھٹو زندہ ہے اور رہے گا، ہمیں یہاں آنے اور ورکرز کنونشن کرنے سے ڈرایا گیا اور یہ تک کہا گیا کہ کے پی میں دہشتگرد گھوم رہے ہیں لیکن میں نے کہا کہ ہم جھکنے والے نہیں۔ پی پی کے جیالے مشکل وقت میں پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں، آپ نے کامیاب کنونشنز کرکے ثابت کردیا پی پی کے جیالے ہمیشہ الیکشن کیلیے تیار ہیں۔