واشنگٹن آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی جے بلنکن، سیکرٹری دفاع جنرل ریٹائرڈ لائیڈ جے آسٹن سمیت نائب وزیر خارجہ وکٹوریہ نولینڈ، نائب قومی سلامتی مشیر جوناتھن فائنر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس کیو براؤن سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آرمی چیف کی دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی اور دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
جنرل عاصم منیر نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اس تناظر میں آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔