اسلام آباد قومی احتساب بیورو (نیب) نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایک اور توشہ خانہ رنفرنس دائر کر دیا جس کے نکات بھی سامنے آگئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن کے ہمراہ ریفرنس دائر کیا۔ عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کر دی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف نئے ریفرنس کے نکات سامنے آگئے جن کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی پی ٹی آئی اور سابق خاتون اوّل کو 108 تحائف ملے جن میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے۔
ریفرنس کے مطابق ملزمان کی جانب سے تحائف کم مالیت ظاہر کر کے رکھے گئے، ملزمان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ بھی کم مالیت پر حاصل کیا، بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم کو الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دے رکھا ہے۔