پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کے والد جاوید اقبال نے کہا ہے کہ انکی بیٹی ن لیگی رہنما مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑیں گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید اقبال نے اعلان کیا ہے کہ انکی بیٹی صنم جاوید ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑیں گی۔ وہ صرف مریم نواز ہی نہیں بلکہ شہباز شریف کا بھی ان کے حلقے میں مقابلہ کریں گی۔
جاوید اقبال نے مزید کہا کہ انہیں اپنی بیٹی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کے لیے 7 دن لگے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدواروں کے راستے میں کون رکاوٹیں ڈالتا ہے، یہ سب کو پتہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صنم جاوید کی دیگر مقدمات میں ضمانتیں ہو گئی ہیں اب صرف آخری مقدمہ موبائل چوری کا رہ گیا ہے۔
اس موقع پر صنم جاوید کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خود اپنی بیٹی کی انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا اور کہا کہ خوشی ہوتی اگر میری بیٹی باہر ہوتی اور وہ خود انتخابی مہم چلاتی لیکن افسوسناک بات ہے کہ بیٹی اور داماد جیل میں ہیں۔