الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول ہوگیا۔
الیکشن کمیشن میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے سے متعلق اہم اجلاس آج ہوگا جس میں قانونی ونگ فیصلے سے متعلق قانونی نکات پر بریفنگ دی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔
کل ہونے والی سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس کامران حیات نے تحریر کیا تھا۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کر نا اس کے ووٹرز کی حق تلفی ہے، فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے۔
فیصلے میں نشاندہی کی گئی تھی کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، 13جنوری کو انتخابی نشانات جاری کرنے کا آخری دن ہے۔