اسلام آباد الیکشن کمیشن کے ذرائع نے کہا ہے کہ اگر وہ سپریم کورٹ نہ جاتے تو ان کی رٹ ہی ختم ہو جاتی۔
تفصیلات کے مطابق بلے کے نشان پر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے فریق بننے کے معاملے پر ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا، اگر ہم سپریم کورٹ نہ جاتے تو ہماری رٹ ہی ختم ہو جاتی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے قانونی طور پر صحیح فیصلہ دیا تھا، اب اس فیصلے کے کیا سیاسی اثرات ہوتے ہیں الیکشن کمیشن کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ذرائع نے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں اب ہر جماعت انٹرا پارٹی انتخابات صحیح طریقے سے کروائے گی، الیکشن کمیشن اختیارات، آئین اور الیکشن ایکٹ کے مطابق میرٹ پر فیصلے کرتا ہے۔