دادو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام مجھے چار نہیں ایک بار وزیر اعظم بننے کا موقع دیں میں ملک کی قسمت بدل دوں گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی نے مجھے وزیر اعظم کیلیے نامزد کیا ہے لہٰذا 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کریں، عوام میرے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت میرا راستہ نہیں روک سکتی۔
نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب الیکشن تیر اور شیر کے درمیان ہو رہا ہے، شیر کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کا خون چوستا ہے، یہ کیسا شیر ہے جو خود گھر میں چھپ جاتا ہے اور شکار نہیں کرتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ شیر گھر میں چھپ کر دوسروں کو کہتا ہے میرا بندوبست آپ کریں، جب بندوبست کیا جاتا ہے تو پھر گھر سے نکلتا ہے، کل میں شیر کے شکار کیلیے پنجاب جا رہا ہوں، جیالے اچھی طرح جانتے ہیں کہ شیر کا شکار کیسے کیا جاتا ہے؟
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم یہ بات نہیں مانتے کہ کسی شخص کو چوتھی بار وزیر اعظم بنایا جائے، وہ شخص پہلی، دوسری اور تیسری بار ناکام رہا تو چوتھی بار کس خوشی میں لا رہے ہو؟
انہوں نے کہا کہ شیر اور کسی جماعت کے پاس کوئی منشور اور نظریہ نہیں ہے، ان کو چوتھی بار بھی حکومت ملی تو غربت سے مقابلے کا کوئی پلان نہیں، ان لوگوں نے ابھی تک عوام کے سامنے منشور بھی نہیں رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کہتے تھے یہ بچہ کیا کر لے گا لیکن کراچی اور حیدر آباد کا میئر جیالہ بنا کر دکھایا، اب میں پیپلز پارٹی کی حکومت وفاق میں بنا کر دکھاؤں گا۔