اسلام آباد پاک ایران کشیدگی کے باعث قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں ملکی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایران کشیدگی کے باعث قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل ظہیر بابر اور سربراہ پاک بحریہ بھی شرکت کریں گے اور کمیٹی کےدیگرارکان شریک ہوں گے۔.
ذرائع کا کہنا ہے اجلاس وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد ہوگا، جس میں شرکا کو پاک ایران صورتحال سمیت شرپسندوں کے خلاف کارروائی، قومی سلامتی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی ملکی سلامتی سے متعلق اہم فیصلے بھی کرے گی۔
خیال رہے موجودہ صورت حال کے پیش نظر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ بھی ڈیووس کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے جبکہ ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو بھی پاکستان واپس آگئے ہیں۔
گزشتہ روز پاک فوج نے آپریشن مرگ بر سرمچار کرکے ایران کو سرحدی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا تھا۔
ایران کے صوبے سیستان میں بی ایل اے اور بی ایل ایف کے دہشت گردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کئی دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔۔ عوام کی حمایت سے دشمنوں کے ارادے خاک میں ملادیں گے۔