ملک بھر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے بعد خشک سردی کا خاتمہ ہو گیا جب کہ گلگت بلتستان میں برفباری کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
ملک بھر کے مختلف شہروں میں تیز اور آہستہ بارش کا سلسلہ گزشتہ شب سے جاری ہے۔ جڑواں شہروں اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں وقفے وقفے سے تیز اور آہستہ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
بارش کے ساتھ ہی لاہور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کا بھی تعطل پیدا ہو گیا جب کہ لاہور میں 200 سے زائد فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور کئی کئی گھنٹے تک بجلی منقطع رہی۔
کراچی میں ہونے والی بارش بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث ہمیشہ کی طرح زحمت ثابت ہوئی۔ کراچی میں گزشتہ شب ہونے والی تیز بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
کراچی میں بارش کے ساتھ ہی متعدد بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر کا بیشتر حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بھی کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
مری، سوات، مالم جبہ سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں ایک سے دو فٹ برف پڑ چکی ہے۔ گلگت بلتستان میں ہونے والی برفباری نے گزشتہ 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
مری، سوات سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی سیاحوں نے مختلف علاقوں کا رخ کر لیا ہے جب کہ پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سب سے زیادہ بارش پسنی 28 ملی میٹر، دیر 26، خضدار، کالام 19، مالم جبہ 17، چترال 16، کوئٹہ 09، قلات، بالاکوٹ میں سات ڈگری سینٹی گریڈ بارش ریکارڈ کی گئی۔