اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہو گئی، پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا اور ڈی چوک میں ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملاقات کی، محسن نقوی نے جوانوں کی جوانمردی کی تعریف کی۔
محسن نقوی نے ڈی چوک اور اسلام آباد کے علاقے کلیئر کرانے پر رینجرز، اسلام آباد، پنجاب و سندھ پولیس، ایف سی اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا، وزیر داخلہ نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ بھی لیا۔
وزیر داخلہ نے سٹرکوں کی فوری صفائی کا حکم دیا اور سی ڈی اے کو صفائی کے لئے ہدایات دیں، محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملوں سے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا اور سٹرکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔
انہوں نے مزید کہا ہےکہ پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جراتمندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں، پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔