کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 4 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی پار کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 1000 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 4 ہزار 361 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں اچانک سے منفی رجحان دیکھنے میں آیا، کمی کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 3 ہزار 645 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کے اختتام پر 1917 پوائنٹس اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 3 ہزار 274 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی 7 پیسے سستی ہوئی جس کے ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 277.97 روپے سے کم ہو کر 277.90 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔