دبئی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا سیمی فائنل مرحلہ آج سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔ پہلا سیمی فائنل بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ بھارت نے گروپ کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔
سیمی فائنل کے دونوں میچز مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے، جن میں سے ایک دبئی اور دوسرا لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پانچ مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔
سیمی فائنل میں جیتنے والی دو ٹیموں کے درمیان 9 مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا۔ اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو وہ دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب، بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل سے قبل آسٹریلیا کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ آسٹریلیا کے بیٹر میتھیو شارٹ انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔