اسلام آباد:بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم مئی میں پاکستان کے دورے پر آئے گی جہاں وہ وائٹ بال سیریز کھیلے گی، جس میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز شامل ہوں گے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم اس سے قبل گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کر چکی ہے، جہاں انہوں نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-2 سے واضح کامیابی حاصل کی تھی۔یہ نئی سیریز پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے اختتام کے بعد منعقد کی جائے گی، جو 11 اپریل سے 18 مئی تک کھیلی جائے گی۔
اصل میں یہ سیریز فیوچر ٹورز پروگرام کا حصہ تھی، لیکن دونوں ٹیموں کے مصروف شیڈول کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی تھی۔ تاہم، حالیہ مذاکرات کے بعد — جو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین فاروق احمد کے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے دورے کے دوران ہوئے — دونوں بورڈز نے مئی میں سیریز کے انعقاد پر اتفاق کر لیا ہے۔
ڈھاکہ سے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق، وائٹ بال سیریز فیصل آباد، ملتان اور لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔