سابق کرکٹر سکندر بخت نے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی سے سخت ایکشن لینے اور محمد رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
نجی چینل پر اظہار خیال کتے ہوئے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر بخت کا کہنا تھا کہ محمد رضوان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ملازم ہیں انھیں 60 لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں، اس لیے انھیں پی سی بی کے زیراہتمام ٹورنامنٹ میں ضرور کھیلنا چاہیے۔
سکند بخت نے کہا کہ پی سی بی کو اس چیز کو دیکھنا ہوگا، انھیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ کھلاڑی دستیاب ہوں، اگر آپ کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں اور پی سی بی کا ٹورنامنٹ نہیں کھیل رہے ہیں جو بورڈ نے منعقد کیا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ پی سی بی کی توہین کر رہے ہیں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، اس پر محسن نقوی کو سختی سے پیش آنا چاہیے، انھیں اپنے طریقے کو بدلنے کی ضرورت ہے، انھیں پوچھنا ہوگا کہ یہ سب کیا ہو رہا ہے، انھیں سختی کرنی ہوگی ان کے سینٹرل کنٹریکٹس کو معطل کردیں۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے بعد محمد رضوان پہلے تنقید کی زد میں ہیں، اس ایونٹ سے پاکستانی ٹیم گروپ مرحلے سے ہی باہر ہوگئی تھی۔
بعدازاں محمد رضوان کو بھی پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا، وہ فی الحال نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔