رشمیکا مندنا نے اپنی 29ویں سالگرہ اومان میں ساحل سمندر پر چھٹیاں مناتے ہوئے گزاری، جہاں وہ دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوتی دکھائی دیں۔
پشپا اسٹار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر بھی پوسٹ کیں جس میں انہیں سمندر کنارے ریت پر بیٹھے پوز دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

رشمیکا نے ان تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’کچھ ساحل..کچھ ریت..کچھ ڈوبتا سورج..کچھ پھول اور ڈھیر ساری مسکراہٹیں آپ کی تمام محبتوں اور نیک خواہشات کے ساتھ، شکریہ آپ بہترین ہیں۔ میں آپ لوگوں کو آج کی پیاری ڈائری کل دکھاؤں گی‘۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین اور اداکارہ کے مداحوں کو لگتا ہے کہ وہ اومان میں اکیلی نہیں بلکہ اپنے بوائے فرینڈ (جس کے بارے میں رشمیکا نے ابھی باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے) اداکار وجے دیوراکونڈا کے ساتھ وہاں چھٹیاں منا رہی ہیں کیونکہ وجے نے بھی چند ایسی ہی تصاویر پوسٹ کی ہیں جس میں وہ سمندر کنارے موجود ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے دونوں اداکاروں کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصاویر میں مماثلت کو دیکھتے ہوئے یہ قیاس آرائیاں شروع کردی ہیں کہ رشمیکا اپنی سالگرہ کے موقع پر وجے دیوراکونڈا کے ساتھ اومان کے سیر سپاٹے کر رہی ہیں اور بےحد خوش ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پسپا اسٹار رشمیکا مندنا کو وجے دیوراکونڈا کے ساتھ کئی مرتبہ دیکھا جاچکا ہے اور ان کی دور سے لی گئی تصاویر بھی وائرل ہو چکی ہیں تاہم اداکارہ نے تاحال وجے کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔